شہباز شریف کی زیرصدارت اپوزیشن کی بیٹھک، رہنماؤں کی آمد جاری

اسلام آباد: صدارتی الیکشن کے لئے مشترکہ اُمیدوار لانے کیلئے شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی اے پی سی کچھ دیر بعد ہوگی، اے پی سی میں شرکت کیلئے رہنماؤں کی آمد جاری ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عبدالقادر بلوچ، امیرمقام، مریم اورنگزیب، طارق فضل چودھری اپوزیشن کی مشترکہ اے پی سی میں شرکت کے لئے پہنچ گئے۔ پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی سمیت دیگر جماعتیں بھی شرکت کریں گی۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کوشش کر رہے ہیں کہ اپوزیشن کا متفقہ امیدوار سامنے لائیں، اے پی سی میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کے لیے دیگر جماعتوں کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔ خورشید شاہ کے زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں رضا ربانی، اعتزاز احسن، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور شریک ہوئے۔ خورشید شاہ نے مولانا فضل الرحمان، حاصل بزنجو اور محموداچکزئی سے ٹیلیفونک رابطے بھی کئے۔
ادھر مسلم لیگ ن کا متفقہ امیدوار لانے کے لئے ایاز صادق بھی سرگرم ہو گئے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، اسفند یار ولی اور دیگر سے رابطے کئے۔ پارٹی میں سرتاج عزیز، شاہد خاقان عباسی اور عبدالقادر بلوچ سمیت پانچ نام بطور امیدوار زیرِ غور ہیں۔
پرویز رشید کی جانب سے حمایت کیلئے نواز شریف سے معافی مانگنے کے مشورے کو اعتزاز احسن نے غیر سنجیدہ قرار دیدیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے مری میں مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس بھی ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں