معاشی صورتحال: آئی ایم ایف نے بجلی، گیس مہنگی کرنے کی تجویز دیدی

اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے آئی ایم ایف وفد نے حکومت کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا جائزہ لینے اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کا مشورہ دیدیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو مزید ٹھوس اقدامات کا مشورہ دیدیا ہے۔
آئی ایم ایف وفد نے پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقات میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کی تجویز بھی دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے اب تک مذاکرات کے دو ادوار کے حوالے سے تیاری کی۔ مذاکرات میں پاکستانی حکام سے ملاقات میں نئے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ اور ضمنی بجٹ سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سی پیک معاہدے کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔
آئی ایم ایف مشن اور حکومت پاکستان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور پیر کو ہو گا۔ گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر سے وفد سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔
انٹرنیشل مانیٹری فنڈ کا وفد ریونیو، نجکاری کمیشن، وزارت تجارت اور منصوبہ بندی حکام سے بھی ملاقاتیں کریگا، اس کے علاوہ سرمایہ کاری بورڈ اور ایس ای سی پی سے بھی ملاقاتیں ہونگی۔ یہ مذاکرات 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں