‘پہلا موقع ہے منتخب اپوزیشن لیڈر کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا’

اسلام آباد: شہباز شریف کا کہنا ہے تاریخ کا جبر ہے یا تاریخ رقم کی جا رہی ہے، پہلا موقع ہے منتخب اپوزیشن لیڈر کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا، میں یہاں مقدمے کے میرٹ پر بات نہیں کروں گا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان دھاندلی کی پیداوار ہیں، پی ٹی آئی اور نیب کا چولی دامن کا ساتھ ہے، 13 مئی کو ہمارے خلاف دھاندلی کے پرچے کاٹے گئے، الیکشن کے دوران لیگی ارکان کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا شیخ رشید نے کہا تھا شہباز شریف جیل کی ہوا کھائےگا، میری گرفتاری کا مقصد ضمنی انتخابات میں مرضی کے نتائج حاصل کرنا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان کی چھوڑی ہوئی سیٹیں ہم جیتے، ثابت ہوگیا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، ضمنی الیکشن سے روکنے کیلئے نیب کے وارنٹ پر اب عملدرآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا پہلی بار کسی باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا گیا، نواز شریف بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر واپس آئے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر اسپیکر کا شکر گزار ہوں، بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، اسپیکر صاحب نے آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں