پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں آتشزدگی، متعدد ملازمین محصور

اسلام آباد: پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی 3 منزلوں‌کو لپیٹ میں لے لیا۔ متعدد ملازمین عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے. فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ لگ گئی، بتایا گیا ہے کہ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی 3 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ملازمین کی بڑی تعداد عمارت میں محصور ہے جن کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

الیکٹرونکس سامان جلنے کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے، کئی ملازمین کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر اپنی مدد آپ کے تحت عمارت سے نکلنے کی کوشش بھی کرتے دکھائی دیئے۔ دھویں کے باعث محصور لوگوں کو سانس لینے میں بھی مشکلات درپیش رہیں جس کیلئے ریسکیو اہلکار باہر سے عمارت کے شیشے توڑ کر تازہ ہوا کی آمدو رفت کا عمل بحال کرتے رہے تاہم پہلی اور دوسری منزل پر لکڑی کی سیڑھیوں کے ذریعے پھنسے ملازمین کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ آگ میں شدت کے باعث عمارت میں موجود اہم دستاویزات پر مشتمل ریکارڈ کے جلنے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں