کراچی: پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، 6 زخمی

کراچی میں پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں نے بے دخلی کیخلاف مظاہرہ کیا، پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو دھو ڈالا، پولیس کے لاٹھی چارج میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی میں پاکستان کوارٹرز کے رہائشی گھروں سے بے دخلی کے خلاف سراپا احتجاج ہوگئے، حکومت مخالف شدید نعرے بازی، چیف جسٹس آف پاکستان سے سوموٹو لینے کی اپیل کر دی۔

سرکاری گھروں سے بے دخلی کے لیے ممکنہ آپریشن کے خلاف رات گئے پاکستان کوارٹرز کے علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔ احتجاج میں مرد بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔ علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تو سیاسی رہنما بھی علاقہ مکینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کوارٹرز پہنچ گئے۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، کنور نوید جمیل اور عامر خان نے گھر خالی نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سرکاری کوارٹر خالی کرانا موجودہ حکومت کے ہی خلاف سازش ہے۔ عامر خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کوارٹر کے مکینوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ فیصلے پر سوموٹو لیں۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمال صدیقی احتجاج میں پہنچے تو مظاہرین حکومت مخالف نعرے بازی شروع کر دی، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مالکانہ حقوق کے سرٹیفیکیٹ موجود ہے۔ پاکستان کوارٹر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ایسی تبدیلی نہیں چاہیے ہم نے اس لیے ووٹ نہیں دیا تھا کہ گھروں سے نکال دیئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں