کوئٹہ: سکول پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 طلباء زخمی

کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں واقع نجی اسکول پر مسلح افراد کی فائرنگ سے چار طلباء زخمی ہو گئے، معصوم پھولوں کے چہروں پر خوف کے بادل چھا گئے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

کوئٹہ میں تھانہ ائیر پورٹ کی حدود میں واقع کلی شابو میں قائم نجی اسکول پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بریک کے دوران گراونڈ میں کھیلنے والی ایک بچی سمیت چار طلباء زخمی ہو گئے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس اورایف سی نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد جمع کئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ نائن ایم ایم پسٹل سے کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ثانیہ صافی کا کہنا تھا کہ واقعہ کا مختلف پہلوئوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں