دھرنے کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کی تصاویر جاری

اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف احتجاج اور دھرنے کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی تصاویر جاری کردی ہیں۔

وفاقی حکومت نے دھرنے کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسند عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔

شرپسندوں کی گرفتاری کےلیے ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ ایف آئی اے کا سائبر ونگ اور پی ٹی اے بھی سوشل میڈیا پر شر انگیز مواد کا پتہ لگا رہا ہے۔ وزارت داخلہ کو اسپیشل برانچ اور دیگر ذرائع سے دھرنے کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کی تصاویر موصول ہوگئی ہیں۔

وزارت داخلہ نے تصاویر جاری کرتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ ان افراد کی شناخت کے لیے پولیس اور ایف آئی اے کی معاونت کریں۔ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے اور پولیس کو شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے احکامات دے دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں