23

پنجاب میں شرپسند عناصر کیخلاف ایکشن، 100 سے زائد گرفتار

لاہور: پنجاب کے مختلف حصوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور سمیت راولپنڈی، گجرات، قصور پتوکی اور شیخوپورہ سے درجنوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ شیخوپورہ میں مختلف مقامات سے 70 سے زائد ملزمان گرفتارکر لئے گئے۔

راولپنڈی میں تحریک لبیک کے 18 مقدمات میں نامزد 32 کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے ایڈمن جج شیخ سجاد نے کی۔

پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کے 8 کارکنوں کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا ملزموں نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور وردی پھاڑ دی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم اشتیاق، عمران، فیاض، افضل، فرحان، جہانزیب، دانیال اور ماجد کا جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے احتجاج کے دوران عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کیخلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔ جسٹس عاطر محمود کل درخواست کی سماعت کریں گے۔

ضلع گجرات کے 18 تھانوں میں مجموعی طور پر 500 مظاہرین کیخلاف مقدمات درج کئے گئے، مقدمات میں 128 نامزد اور 372 نامعلوم مظاہرین شامل ہیں۔

پنڈ داد خان میں 27 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، قصور پولیس نے 200 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ ملزمان نے ڈی ایس پی پتوکی سمیت 7 اہلکاروں کو زخمی کیا تھا، پولیس کے مطابق 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

شیخوپورہ میں جلاؤ، گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث 70 سے زائد ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں، جن میں ملزم حمزہ بھی شامل ہے۔ ملزم حمزہ نے موٹر وے پر گاڑیوں کو آگ لگائی تھی۔

پشاور میں بھی احتجاج کے دوران پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادھر وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی اے کو موصول ہونے والے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کا جائزہ لیا جائے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے۔ اداروں نے املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام نے نادرا ،ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے آج شام تک ہنگامے میں ملوث افراد کی شناخت طلب کر لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں