13

پاکستان کا امریکا سے عافیہ صدیقی کا معاملہ حل کرنے کا مطالبہ

پاکستان نے امریکا سے ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کردیا، امریکی نائب وزیر خارجہ نے غور کا وعدہ کرلیا۔

امریکی جیل میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات میں عمران خان سے رہائی میں مدد دینے کی اپیل کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس پر امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے غور کا وعدہ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ تواتر سے اٹھاتا رہا ہے، ہیوسٹن میں موجود پاکستانی قونصل جنرل سے عافیہ کی ملاقاتیں ہوتی ہیں، جس کا مقصد اہل خانہ کو خیریت سے آگاہ کرنا اور عافیہ کا پیغام اہل خانہ تک پہنچانا ہوتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے ہیوسٹن کی جیل میں قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران عمران خان کیلئے خط دیا تھا، جس میں ان سے مطالبہ کیا تھا کہ رہائی کیلئے مدد کریں، وہ قید سے آزاد ہونا چاہتی ہیں۔

عافیہ نے عمران خان کو اپنا ہیرو قرار دیا تھا، ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ وہ پاکستانی وزیراعظم کو مسلمانوں کے خلیفہ کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں