20

پشاور: تعلق کیوں توڑا، دوست نے مقامی رقاصہ کو قتل کردیا

پشاور میں ملزم نے تعلق توڑنے پر اپنی دوست مقامی رقاصہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

گزشتہ شب پشاور کے تھانہ کوتوالی کی حدود میں مصدق نامی شخص نے فائرنگ کرکے مقامی رقاصہ سونیہ کو قتل کردیا ہے۔

تھانہ کوتوالی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے جان عالم نامی شخص نے بتایا کہ مقتولہ سونیہ نے اسے منہ بولا بھائی بنایا تھا۔ گزشتہ شب وہ اسے گاڑی میں بٹھا کر محمد ذیشان نامی شخص کے گھر لے گیا، جہاں سونیہ گھر کے اندر چلی گئی اور میں باہر انتطار کرتا رہا۔

اس دوران مصدق نامی شخص ایک اور شخص کے ہمراہ آکر گھر میں داخل ہوا اور تھوڑی دیر بعد گھر کے اندر سے شور اور فائرنگ کی آوازیں آنے لگی۔ جب میں گھر میں داخل ہوا تو سونیہ زخمی پڑی تھی جبکہ ملزم مصدق موقع سے فرار ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق سونیہ کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

مدعی جان عالم نے پولیس کو بتایا کہ مصدق کے سونیہ سے تعلقات تھے مگر کچھ دن قبل دونوں کے تعلقات ختم ہوگئے جس پر مصدق نے اسے قتل کردیا۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی جبکہ مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں خواتین فنکاروں اور خواجہ سراؤوں پر تشدد اور قتل کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال اب تک شوبر سے وابستہ 20 خواتین کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔

اگست میں نوشہرہ میں شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی گلوکارہ ریشم کو قتل کردیا تھاجس کو پولیس نے گھریلو چپقلش قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں