آسٹریا اور جنوبی جرمنی برف کی موٹی تہہ کے نیچے گم

برلن: جنوبی جرمنی کاصوبہ باویریا اور ہمسایہ ملک آسٹریا کے کئی علاقے ’’سفید ونٹر لینڈ ‘‘میں تبدیل ہو کر برف کی ایک موٹی تہہ کے نیچے چھپ گئے، ان علاقوں میں برفباری ایک روز قبل 5 جنوری کو شروع ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برف باری زیادہ تر ایلپس کے پہاڑی سلسلے کی وادیوں اور ان کے قریبی علاقوں میں ہوئی۔ صوبہ باویریا کے دارالحکومت میونخ کے ایئرپورٹ پرشدید برفباری کے باعث 200 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

جنگلوں میں برف کے بوجھ سے درختوں کے ٹوٹ کر گر نے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت اور ریلوے ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ آسٹریا میں بھی پہاڑی علاقوں میں ہوائی اڈوں پر بہت سی پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی جبکہ سڑکوں پر پہاڑوں سے برفانی تودے گر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کی شدت آج ختم ہو جائے گی جس کے بعد راستے صاف کرنے کا کام ہو سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں