ایل وائے 80 سسٹم سے ایئر ڈیفنس کی قوت میں بہت اضافہ ہوا، آرمی چیف

پاک فوج ایئر ڈیفنس کا کراچی کے قریب فائرنگ رینج میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ، آرمی چیف اور ایئر چیف نے پاک فوج ایئر ڈیفنس کی فائر پاور صلاحیت کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ایئر ڈیفنس کا کراچی کے قریب فائرنگ رینج میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا، اس تقریب میں آرمی چیف اور ایئر چیف نے شرکت کی اور فائر پاور صلاحیت کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ایل وائے 80 سسٹم کی شمولیت سے ایئر ڈیفنس کی قوت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ قومی سطح پر پاک فضائیہ کے ساتھ اس نظام کے اضافے سے فضائی سرحدوں کا تحفظ بہتر ہوگا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں اور افسران سے ملاقات بھی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مظاہرے میں پہلی بار لانگ رینج ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم ایل وائے 80 کو استعمال کیا گیا جو حال ہی میں ایئر ڈیفنس میں شامل کیا گیا ہے۔ ایئر ڈیفنس میں نئے سسٹم کے اضافے سے دفاعی صلاحیتوں کو مزید موثر اور مضبوط بنا دیا ہے۔

فائر پاور صلاحیت کا مظاہرہ کراچی کے قریب ایئر ڈیفنس فائرنگ رینج میں کیا گیا۔ ایئر ڈیفنس ویپنز سسٹم سے فائرنگ مشق البیاز 2019ء کی اختتامی تقریب کا حصہ تھی۔ نظام کی شمولیت سے پاکستان کی مجموعی فضائی صلاحیت مزید موثر ہوگی۔ مظاہرے میں ایئر ڈیفنس کے تمام ہتھیاروں کو استعمال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل نے بھی نئے سسٹم کی شمولیت پر پاک فوج کو مبارکباد دی جبکہ کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ اور دیگر افسران نے بھی مظاہرہ دیکھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں