عالمی برداری امن دشمن نریندر مودی کیخلاف اقدامات اٹھائے، زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے لیکن کسی بھی جارحیت کے خلاف جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، عالمی برداری امن دشمن نریندر مودی کے خلاف اقدامات اٹھائے۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے تنظیمی وفد نے آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کسی بھی جارحیت یا دراندازی کرنے سے پہلے جواب اور انجام ذہن میں رکھے۔ بھارتی وزیراعظم کا دھمکی آمیز لہجہ حواس باختگی کا ثبوت ہے۔ نریندر مودی نے اپنی سیاست بچانے کیلئے خطے کا امن داؤ پر لگا رکھا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت نے عوام پر بجلی، پیٹرول اور گیس بموں کی برسات کر رکھی ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ متوسط اور غریب طبقے پر بوجھ بڑھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر اسی طرح عوام پر بوجھ ڈالتی رہی تو عوام اٹھ کھڑئے ہونگے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ سلوک پر پارلیمنٹ میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا مشن پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے۔ بہت جلد وہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کا تفصیلی دورہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں