ورلڈکپ: ناممکن کو ممکن بنانے کا مشن، پاکستان اور بنگلہ دیش آج مدمقابل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 43 ویں میچ میں آج پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

فائنل فور میں پہنچنے کیلئے پاکستان ٹیم کو بنگلادیش کی بولنگ کے خلاف پہلے 400 رنز بنانا ہوں گے اور پھر بنگلادیش کو 84 رنز پر آؤٹ بھی کرنا ہوگا۔ اگر گرین شرٹس نے 350 رنز بنائے تو 311 رنز سے میچ جیتنا ہوگا یعنی صرف 39 رنز پر بنگلادیش کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

بنگلادیش کا ون ڈے کرکٹ میں کم سے کم سکور 58 ہے جو اس نے ورلڈ کپ 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا، پاکستان کو بھی اسی طرح بنگلادیشی ٹیم کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

پاکستان نے ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف بنائے تھے، جہاں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے ایک وکٹ پر 399 رنز سکور کئے تھے، اس بار بھی بیٹنگ میں کچھ ایسی ہی کارکردگی دکھانی ہوگی۔

پاکستان ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنے 8 میچ کھیل کر چار میچز میں کامیابی اور تین میچز میں ناکامی کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم اپنے 8 میچز کھیل کر تین میچز جیت کر اور ایک میچ بارش کی نظر ہونے کی وجہ سے 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

عالمی کرکٹ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسری مرتبہ آمنا سامنا ہو رہا ہے۔ اس سے قبل 1999ء کے عالمی کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوئی تھیں جس میں بنگلہ دیش نے حیران طور پر پاکستان ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں