آرمی چیف کو امریکی سیکرٹری دفاع کا فون، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

 امریکی سیکرٹری دفاع ڈاکٹر مارک اسپر نے پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے مشرق وسطیٰ کی حالیہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سیکرٹری دفاع مارک اسپر نے آرمی چیف سے کہا کہ امریکا لڑائی نہیں چاہتا لیکن ضرورت پڑی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حالات مزید کشیدہ نہ ہوں۔ خطے میں امن کیلئے ہر قسم کی کاوش کی حمایت کریں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سیکرٹری دفاع ڈاکٹر مارک اسپر پر زور دیا کہ فریقین بیان بازی سے گریز کریں اور سفارتی حل کی طرف آئیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کر کے خطے میں امن کیلئےاقدامات کیے۔ پاکستان افغان امن عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں